پانچ ماہ قبل ٹیکسی ڈرائیور کے اندھے قتل کا سراغ ، واردات میں ملوث دو بھائیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

کلر سیداں(اپنا پوٹھوار ویب ٹی وی) تھانہ کلر سیداں پولیس کے سب انسپکٹر ملک کرامت علی نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پانچ ماہ قبل ٹیکسی ڈرائیور کے اندھے قتل کا سراغ لگاتے ہوئے واردات میں ملوث دو بھائیوں کو گرفتار کر لیا۔ملزمان کا تعلق کلر سیداں کے نواحی علاقہ نوتھیہ جبکہ 21 سالہ مقتول شوکت حسین کا تعلق اسلام آباد کے نواحی علاقہ شریف آباد داخلی ترلائی کلاں سے ہے،ملزمان نے دوران تفتیش قتل کی واردات کا اعتراف کر لیا جبکہ ملزمان قتل و ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ بھی ہیں اور 09 ماہ قبل ہی اڈیالہ جیل سے ضمانت پر رہا ہو کر گھر آئے تھے۔تفصیلات کے مطابق 25 مئی کو کلر سیداں کنگوٹھی روڈ پر واقع جنگل سے 21 سالہ نوجوان کی نعش برآمد ہوئی تھی جسے قتل کر دیا گیا تھا جس پر پولیس نے نامعلوم ملزمان کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔تھانہ کلر سیداں کے ایس ایچ او انسپکٹر ملک ظہیر نے سب انسپکٹر ملک کرامت علی کو اس اندھے قتل میں ملوث اصل ملزمان کا سراغ لگانے کا ٹاسک دے دیا جنہوں نے ڈی ایف سی محمد عرفان اور کانسٹیبل یاسر عباس کے ہمراہ موبائل فون ڈیٹا کی مدد سے ملزمان کی لوکیشن کا پتہ چلا کر چھاپہ مار کر ملزم شاہد ندیم کو گرفتار کر لیا اور بعد ازاں ملزم کی نشاندہی پر اس کے بھائی محمد وقاص کو بھی گرفتار کر لیا۔دوران تفتیش ملزمان نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے اسلام آباد کے علاقہ سے ڈکیتی کی واردات کی غرض سے ٹیکسی بک کی اور روپیال روڈ پر واقع گنگوٹھی جنگل کے قریب گاڑی رکوا کر مقتول ڈرائیور شوکت حسین کی جیب سے ساڑھے تین سو روپے کی رقم نکال لی۔نیت خراب ہوجانے پر مقتول کیساتھ بدفعلی کی کوشش کی اور مقتول کی جانب سے مزاحمت کرنے پر اسے گولی مار دی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا اور ہم اسی کی گاڑی پر جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے مگر راستے میں گاڑی میں سی این جی گیس ختم ہو جانے پر اسے ایک ویران جگہ پر کھڑی کر کے فرار ہو گئے۔پولیس کے مطابق ملزم شاہد ندیم سات جبکہ اس کا بھائی محمد وقاص قتل اور ڈکیتی کی 14 وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ہے،پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر مقتول کی ٹیکسی بھی برآمد کر لی ہے۔پولیس نے ملزمان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر کے تفتیش شروع کر دی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Facebook

Get the Facebook Likebox Slider Pro for WordPress