تحریک لبیک میدان میں آگئی

لاہور(اپنا پوٹھوار ویب ٹی وی)تحریک لبیک پاکستان کے امیر علامہ خادم حسین رضوی کی قیادت میں عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف داتا دربار سے اسمبلی ہال تک احتجاجی مارچ کیا گیا ، جس کی وجہ سے مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا اور شہری گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہے ، تحریک لبیک پاکستان کے کارکن سارے راستے لبیک یارسول اللہ ، دھاندلی زدہ انتخابات نا منظور نا منظور کے نعرے لگاتے رہے ۔

تفصیلات کے مطابق تحریک لبیک کے کارکن ہاتھوں میں پارٹی پرچم اٹھائے دوپہر سے ہی داتا دربار پہنچنا شروع ہو گئے اور بعد ازاں علامہ خادم حسین رضوی کی قیادت میں احتجاجی مارچ کا آغاز کیا گیا ۔ اس موقع پر پولیس کی جانب سے بھی سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے جبکہ پنجاب اسمبلی سمیت دیگر سرکاری املاک کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔مارچ کی وجہ سے مال روڈ سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا اور شہری گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہے ۔اس دوران ٹریفک وارڈنز بھی ناکام نظر آئے ۔تحریک لبیک کے رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے راستے میں جگہ جگہ شربت کی سبیلیں لگائی گئیں جبکہ شرکاء میں کھانا بھی تقسیم کیا جاتا رہا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ خادم حسین رضوی نے کہا کہ مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا مسلسل پیچھا کرتے رہیں گے،ہمارے رات کو جیتے امیدواروں کو ایک سازش کے تحت صبح ہرا دیا گیا، الیکشن کمیشن کو یرغمال بنا کر مرضی کے نتائج لئے گئے۔انہوں نے کہا کہ ہم نظام مصطفی کے لئے میدان میں آئے ہیں ، ہماری جدوجہد کسی غیر ملکی آقا کی خوشنودی کے لئے نہیں بلکہ رسول عربی کے دین کی سربلندی کے لئے ہے، کلمہ طیبہ کے نام پر وجود میں آنے والے ملک میں نظام محمدی قائم ہو کر رہے گا، اس سلسلہ میں اگلا احتجاجی مارچ 12 اگست کو کراچی میں ہو گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Facebook

Get the Facebook Likebox Slider Pro for WordPress