اسلام آباد میں مقامی حکومت کے قیام کا بل کثرت رائے سے منظور

11042986_394426767384775_5010658884583171012_n

                                                                                                     خضرحیات قریشی اپنا پوٹھوار

قومی اسمبلی نے اسلام آباد میں مقامی حکومت کے قیام کا بل 2015ء کثرت رائے سے منظور کر لیا۔ پیپلز پارٹی کی جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کرانے کی مجوزہ ترمیم مسترد کر دی گئی۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر مملکت پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے اسلام آباد میں مقامی حکومت کے قیام کا بل پیش کیا جس کی شق وار منظوری دی گئی۔ مقامی حکومت میں خواتین کا کوٹہ33 فیصد، نوجوانوں، خواتین، مزدوروں اور غیر مسلموں کا 5فیصد کرنے سمیت پراپرٹی ٹیکس میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے تحت وصول کرنے سے متعلق پیپلز پارٹی کی ترامیم منظور کر لی گئیں۔ حکومت نے بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر کرانے اور امیدواروں کی پارٹی وابستگی کے اظہار پر نا اہلی ختم کرنے کے بارے میں پیپلز پارٹی کی مجوزہ ترامیم کی بھرپور مخالفت کی اور ایوان نے انہیں مسترد کر دیا۔ قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ میثاق جمہوریت میں بھی اتفاق کیا گیا تھا کہ تمام انتخابات پارٹی بنیادوں پر ہوں گے، ہم نے تو آمر کا نام آئین سے بھی نکال دیا ہے،آپ بھی بھول جائیں کہ آپ آمریت کی پیداوار ہیں،غیر جماعتی انتخابات سے سیاست میں کرپشن کی ابتدا ہوئی، جمہوریت کی نرسری میں بدعنوانی کا پودا لگائیں گے تو اثرات پارلیمنٹ میں بھی پہنچیں گے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ اگر یہی کرناہے تو قومی و صوبائی اسمبلیز کے انتخابات بھی غیر جماعتی کرا دیں۔ وزیر مملکت شیخ آفتاب نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات جمہوریت کی نرسری ہیں، ہر ایک کو آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا حق ہونا چاہیے، عوام پر پارٹی امیدوار مسلط کر کے ان کے بنیادی حقوق سلب نہیں کر سکتے، وہ جسے چاہئیں منتخب کریں، انتخاب سے پہلے ہی انہیں کرپٹ کہنا مناسب نہیں، حکومت کرپشن کرے گی، نہ کسی کو کرنے دے گی۔ اس کے بعد اسلام آباد میں مقامی حکومت کے قیام کا بل کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔ایوان میں فیڈرل ایمپلائز بینو ولینٹ فنڈ اینڈ گروپ انشورنس بل 2013ء میں پہلی اور دوسری ترمیم کے بل بھی منظور کر لیے گئے،ان ترامیم کے تحت وفاقی ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے بعد تاحیات پنشن ملتی رہے گی۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Facebook

Get the Facebook Likebox Slider Pro for WordPress